راستباز کیوں دُکھ اُٹھاتے ہیں اور بدکار کیوں پھلتے پھولتے ہیں؟ انصاف کہاں ہے؟
اِس دنیا میں ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوتا۔ ہم دیکھتے ہیں کہ راستباز دُکھ اُٹھاتے ہیں اور بدکار پھلتے پھولتے ہیں۔ لیکن ایسا کیوں ہے؟ کلامِ مُقدّس کے مطابق اللہ اُن لوگوں کو انصاف دیتا ہے جن کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے۔
6رب تمام مظلوموں کے لئے راستی اور انصاف قائم کرتا ہے۔( زبور 103:6 )
لیکن اگر اللہ انصاف دیتا ہے تو ہم اپنے اِردگرد اِتنی ناانصافی کیوں دیکھتے ہیں؟
آئیں ماضی پر نظر ڈالیں۔ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ انصاف کرنا، ایک دوسرے کی مدد کرنا اور آپس میں محبت پھیلانا تھا۔ اِس کے بجائے ہم نے یہاں زمین پر اللہ کی آنکھوں کے سامنے ظالمانہ کام کیے۔
37وہ اپنے بیٹے بیٹیوں کو بدروحوں کے حضور قربان کرنے سے بھی نہ کترائے۔38ہاں، اُنہوں نے اپنے بیٹے بیٹیوں کو کنعان کے دیوتاؤں کے حضور پیش کر کے اُن کا معصوم خون بہایا۔ اِس سے ملک کی بےحرمتی ہوئی۔39وہ اپنی غلط حرکتوں سے ناپاک اور اپنے زناکارانہ کاموں سے اللہ سے بےوفا ہوئے۔40تب اللہ اپنی قوم سے سخت ناراض ہوا، اور اُسے اپنی موروثی ملکیت سے گھن آنے لگی۔( زبور 106:37-40 )
اور آج کے دور میں بھی ہم ایمانداری سے اپنے آپ کو دیکھنے سے ڈرتے ہیں۔ صرف اپنے کاموں کو ہی نہیں، بلکہ اپنے خیالات اور خواہشات کو بھی غیر جانبداری سے پرکھنے سے۔ کسی کی اپنے بارے میں دیانتدارانہ رائے قبول کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اِس کے بجائے ہم میٹھے جھوٹ کو ترجیح دیتے ہیں۔
10تم اُس سے نفرت کرتے ہو جو عدالت میں انصاف کرے، تمہیں اُس سے گھن آتی ہے جو سچ بولے۔( عاموس 5:10 )
صدیوں تک ہم انسانوں نے اپنے جیسے دوسرے انسانوں کا انصاف سے فیصلہ نہیں کیا۔ اور ہمارا اللہ اِسے نظرانداز نہیں کر سکتا تھا۔ اگرچہ یروشلم اُن لوگوں کا شہر تھا جن سے اللہ گہری محبت رکھتا ہے، پھر بھی اُسے سب کی طرح انصاف کا سامنا کرنا پڑا۔ ہم بُرے کام کرتے رہیں اور یہ بھروسا رکھیں کہ اللہ ہمیں ہمیشہ معاف کرتا رہے گا، ایسا نہیں ہو سکتا۔
1”یروشلم کی گلیوں میں گھومو پھرو! ہر جگہ کا ملاحظہ کر کے پتا کرو کہ کیا ہو رہا ہے۔ اُس کے چوکوں کی تفتیش بھی کرو۔ اگر تمہیں ایک بھی شخص مل جائے جو انصاف کرے اور دیانت داری کا طالب رہے تو مَیں شہر کو معاف کر دوں گا۔( یرمیاہ 5:1 )
12اب دشمن یروشلم کے دروازوں میں داخل ہوئے ہیں، حالانکہ دنیا کے تمام بادشاہ بلکہ سب لوگ سمجھتے تھے کہ یہ ممکن ہی نہیں۔13لیکن یہ سب کچھ اُس کے نبیوں اور اماموں کے سبب سے ہوا جنہوں نے شہر ہی میں راست بازوں کی خوں ریزی کی۔( نوحہ 4:12-13 )
دوسروں کے ساتھ اپنی ناانصافی، سچائی سے اپنی نفرت، اپنے غرور اور گناہ کی وجہ سے ہم نے خود کو اللہ سے جدا کر لیا، اور خود کو انصاف سے جدا کر لیا۔ ہم اپنی مرضی سے شفاف پانی والی جھیل سے دُور، اور دُور ہوتے جاتے ہیں، پیاسے ہو جاتے ہیں اور پکارتے ہیں: ”پانی کہاں ہے؟ مجھے دکھائی نہیں دیتا!“ اللہ کہاں ہے، کیا وہ مدد نہیں کر سکتا؟
1یقیناً رب کا بازو چھوٹا نہیں کہ وہ بچا نہ سکے، اُس کا کان بہرا نہیں کہ سن نہ سکے۔ 2حقیقت میں تمہارے بُرے کاموں نے تمہیں اُس سے الگ کر دیا، تمہارے گناہوں نے اُس کا چہرہ تم سے چھپائے رکھا، اِس لئے وہ تمہاری نہیں سنتا۔ 3کیونکہ تمہارے ہاتھ خون آلودہ، تمہاری اُنگلیاں گناہ سے ناپاک ہیں۔ تمہارے ہونٹ جھوٹ بولتے اور تمہاری زبان شریر باتیں پھسپھساتی ہے۔ 4عدالت میں کوئی منصفانہ مقدمہ نہیں چلاتا، کوئی سچے دلائل پیش نہیں کرتا۔ لوگ سچائی سے خالی باتوں پر اعتبار کر کے جھوٹ بولتے ہیں، وہ بدکاری سے حاملہ ہو کر بےدینی کو جنم دیتے ہیں۔ 5-6وہ زہریلے سانپوں کے انڈوں پر بیٹھ جاتے ہیں تاکہ بچے نکلیں۔ جو اُن کے انڈے کھائے وہ مر جاتا ہے، اور اگر اُن کے انڈے دبائے تو زہریلا سانپ نکل آتا ہے۔ یہ لوگ مکڑی کے جالے تان لیتے ہیں، ایسا کپڑا جو پہننے کے لئے بےکار ہے۔ اپنے ہاتھوں کے بنائے ہوئے اِس کپڑے سے وہ اپنے آپ کو ڈھانپ نہیں سکتے۔ اُن کے اعمال بُرے ہی ہیں، اُن کے ہاتھ تشدد ہی کرتے ہیں۔ 7جہاں بھی غلط کام کرنے کا موقع ملے وہاں اُن کے پاؤں بھاگ کر پہنچ جاتے ہیں۔ وہ بےقصور کو قتل کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں۔ اُن کے خیالات شریر ہی ہیں، اپنے پیچھے وہ تباہی و بربادی چھوڑ جاتے ہیں۔ 8نہ وہ سلامتی کی راہ جانتے ہیں، نہ اُن کے راستوں میں انصاف پایا جاتا ہے۔ کیونکہ اُنہوں نے اُنہیں ٹیڑھا میڑھا بنا رکھا ہے، اور جو بھی اُن پر چلے وہ سلامتی کو نہیں جانتا۔9اِسی لئے انصاف ہم سے دُور ہے، راستی ہم تک پہنچتی نہیں۔ ہم روشنی کے انتظار میں رہتے ہیں، لیکن افسوس، اندھیرا ہی اندھیرا نظر آتا ہے۔ ہم آب و تاب کی اُمید رکھتے ہیں، لیکن افسوس، جہاں بھی چلتے ہیں وہاں گھنی تاریکی چھائی رہتی ہے۔ 10ہم اندھوں کی طرح دیوار کو ہاتھ سے چھو چھو کر راستہ معلوم کرتے ہیں، آنکھوں سے محروم لوگوں کی طرح ٹٹول ٹٹول کر آگے بڑھتے ہیں۔ دوپہر کے وقت بھی ہم ٹھوکر کھا کھا کر یوں پھرتے ہیں جیسے دُھندلکا ہو۔ گو ہم تن آور لوگوں کے درمیان رہتے ہیں، لیکن خود مُردوں کی مانند ہیں۔ 11ہم سب نڈھال حالت میں ریچھوں کی طرح غُراتے، کبوتروں کی مانند غوں غوں کرتے ہیں۔ ہم انصاف کے انتظار میں رہتے ہیں، لیکن بےسود۔ ہم نجات کی اُمید رکھتے ہیں، لیکن وہ ہم سے دُور ہی رہتی ہے۔( یسعیاہ 59:1-11 )
ہاں، ہم نے گناہ کیا۔ اور ہاں، ہم اب بھی گناہ کرتے ہیں۔ ہم نے غلطیاں کی ہیں۔ پھر بھی ہم اپنے دل اللہ کے لیے کھول سکتے، توبہ کر سکتے اور معافی مانگ سکتے ہیں۔ اور جب ہم اپنے دل اللہ کے لیے کھولیں تو آئیں، اب سے اُنہیں گناہ کے لیے بند کر دیں۔
12اے آدم زاد، اپنے ہم وطنوں کو بتا،’اگر راست باز غلط کام کرے تو یہ بات اُسے نہیں بچائے گی کہ پہلے راست باز تھا۔ اگر وہ گناہ کرے تو اُسے زندہ نہیں چھوڑا جائے گا۔ اِس کے مقابلے میں اگر بےدین اپنی بےدینی سے توبہ کر کے واپس آئے تو یہ بات اُس کی تباہی کا باعث نہیں بنے گی کہ پہلے بےدین تھا۔‘ 13ہو سکتا ہے مَیں راست باز کو بتاؤں، ’تُو زندہ رہے گا۔‘ اگر وہ یہ سن کر سمجھنے لگے، ’میری راست بازی مجھے ہر صورت میں بچائے گی‘ اور نتیجے میں غلط کام کرے تو مَیں اُس کے تمام راست کاموں کا لحاظ نہیں کروں گا بلکہ اُس کے غلط کام کے باعث اُسے سزائے موت دوں گا۔ 14لیکن فرض کرو مَیں کسی بےدین آدمی کو بتاؤں، ’تُو یقیناً مرے گا۔‘ ہو سکتا ہے وہ یہ سن کر اپنے گناہ سے توبہ کر کے انصاف اور راست بازی کرنے لگے۔ 15وہ اپنے قرض دار کو وہ کچھ واپس کرے جو ضمانت کے طور پر ملا تھا، وہ چوری ہوئی چیزیں واپس کر دے، وہ زندگی بخش ہدایات کے مطابق زندگی گزارے، غرض وہ ہر بُرے کام سے گریز کرے۔ اِس صورت میں وہ مرے گا نہیں بلکہ زندہ ہی رہے گا۔ 16جو بھی گناہ اُس سے سرزد ہوئے تھے وہ مَیں یاد نہیں کروں گا۔ چونکہ اُس نے بعد میں وہ کچھ کیا جو منصفانہ اور راست تھا اِس لئے وہ یقیناً زندہ رہے گا۔17تیرے ہم وطن اعتراض کرتے ہیں کہ رب کا سلوک صحیح نہیں ہے جبکہ اُن کا اپنا سلوک صحیح نہیں ہے۔( حزقی ایل 33:12-17 )
ہم یقین رکھ سکتے ہیں کہ اللہ ہماری سنے گا۔ ہم یقین رکھ سکتے ہیں کہ اپنے گناہوں سے منہ موڑنے، معافی پانے اور اللہ کا فضل حاصل کرنے میں کبھی دیر نہیں ہوتی۔
13جس طرح باپ اپنے بچوں پر ترس کھاتا ہے اُسی طرح رب اُن پر ترس کھاتا ہے جو اُس کا خوف مانتے ہیں۔( زبور 103:13 )
19جن کو مَیں پیار کرتا ہوں اُن کی مَیں سزا دے کر تربیت کرتا ہوں۔ اب سنجیدہ ہو جا اور توبہ کر۔( مکاشفہ 3:19 )
اور بلاشبہ انصاف غالب آئے گا، اور ہر ایک کو وہی ملے گا جس کا وہ حقدار ہے۔
10مَیں، رب ہی دل کی تفتیش کرتا ہوں۔ مَیں ہر ایک کی باطنی حالت جانچ کر اُسے اُس کے چال چلن اور عمل کا مناسب اجر دیتا ہوں۔( یرمیاہ 17:10 )
لیکن سچے راستباز کیوں دُکھ اُٹھاتے ہیں؟
اگر ہم اِس حقیقت کو بھول بھی جائیں کہ زمین پر ایک بھی بےگناہ انسان نہیں، تب بھی ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہم ہمیشہ اللہ کی راہوں کو نہیں سمجھ سکتے۔ اگرچہ ہم یہ سمجھ سکتے ہیں کہ نیکی کیا ہے اور بدی کیا، لیکن ہم اُس علم کو صحیح طرح استعمال نہیں کر سکتے کیونکہ ہم پوری تصویر نہیں دیکھتے۔
9جتنا آسمان زمین سے اونچا ہے اُتنی ہی میری راہیں تمہاری راہوں اور میرے خیالات تمہارے خیالات سے بلند ہیں۔( یسعیاہ 55:9 )
اور ہم ہمیشہ یہ نہیں سمجھ پائیں گے کہ جن نیک لوگوں کو ہم جانتے ہیں، اُن کی زندگی میں اِتنے دُکھ کیوں آئے۔ لیکن آئیں کلامِ مُقدّس میں دُکھ اُٹھانے والوں کی کچھ مثالوں پر نظر ڈالیں۔ آپ کو یوسف کی کہانی یاد ہو گی جو غلامی سے اُٹھ کر مصر کا دوسرا سب سے طاقتور شخص بن گیا۔
17لیکن اُس نے اُن کے آگے آگے ایک آدمی کو مصر بھیجا یعنی یوسف کو جو غلام بن کر فروخت ہوا۔18اُس کے پاؤں اور گردن زنجیروں میں جکڑے رہے19جب تک وہ کچھ پورا نہ ہوا جس کی پیش گوئی یوسف نے کی تھی، جب تک رب کے فرمان نے اُس کی تصدیق نہ کی۔( زبور 105:17-19 )
یوسف کو وہ برکت پانے سے پہلے جس کا وہ منتظر تھا، بہت سی آزمائشوں سے گزرنا پڑا۔ اور جو آزمائشیں اُس پر آئیں وہ ضروری نہیں کہ اُس کے گناہوں کی سزا ہوں، بلکہ وہ سیکھنے کا ایک ضروری عمل تھیں جس نے اُسے اُس اعلیٰ مقام کے لائق بنایا جو اُسے ملنے والا تھا۔
خود عیسیٰ نے بھی اپنی زمینی زندگی میں دُکھ اُٹھایا، حالانکہ اُس نے کوئی گناہ نہیں کیا تھا۔
8وہ اللہ کا فرزند تو تھا، توبھی اُس نے دُکھ اُٹھانے سے فرماں برداری سیکھی۔( عبرانیوں 5:8 )
ہم میں سے کچھ نے اپنے والدین یا عزیزوں کو کھو دیا ہے۔ وہ فوت ہو گئے، حالانکہ ہم دن رات اللہ سے دعا کرتے رہے کہ اُن کی جان بخش دے۔ اللہ ہماری کیوں نہیں سنتا؟
جب ہمارے عزیز فوت ہو جاتے ہیں تو ہمارا اُن سے رابطہ ٹوٹ جاتا ہے، ہم اُنہیں مزید دیکھ نہیں سکتے، اُن سے بات نہیں کر سکتے، اُن کی مسکراہٹ نہیں دیکھ سکتے، اُن سے حوصلہ افزا نصیحت نہیں پا سکتے۔ ہم اُن کی موت کو ایسا انجام سمجھتے ہیں جہاں ہم کچھ نہیں کر سکتے... لیکن اللہ کر سکتا ہے۔ اللہ کے نزدیک ایک بھی انسان مُردہ نہیں۔ اللہ ہماری اور ہماری دعاؤں کی سنتا ہے۔ وہ ہماری بھلائی چاہتا ہے، اور اُن کی بھی بھلائی چاہتا ہے جنہیں ہم نے کھو دیا۔
1راست باز ہلاک ہو جاتا ہے، لیکن کسی کو پروا نہیں۔ دیانت دار دنیا سے چھین لئے جاتے ہیں، لیکن کوئی دھیان نہیں دیتا۔ کوئی نہیں سمجھتا کہ راست باز کو بُرائی سے بچنے کے لئے چھین لیا جاتا ہے۔ 2کیونکہ اُس کی منزلِ مقصود سلامتی ہے۔ سیدھی راہ پر چلنے والے مرتے وقت پاؤں پھیلا کر آرام کرتے ہیں۔( یسعیاہ 57:1-2 )
کیا آپ سمجھتے ہیں کہ آپ اللہ کے وفادار ہیں، پھر بھی زندگی آپ پر بہت سخت ہے؟ ایک محبت کرنے والے باپ کی طرح ہمارا اللہ ہمیں سکھاتا اور تربیت دیتا ہے، ہمیں پاک صاف کرتا اور اللہ کی طرف سے ملنے والی نعمت پانے کے لیے تیار کرتا ہے۔
7اپنی مصیبتوں کو الٰہی تربیت سمجھ کر برداشت کریں۔ اِس میں اللہ آپ سے بیٹوں کا سا سلوک کر رہا ہے۔ کیا کبھی کوئی بیٹا تھا جس کی اُس کے باپ نے تربیت نہ کی؟ 8اگر آپ کی تربیت سب کی طرح نہ کی جاتی تو اِس کا مطلب یہ ہوتا کہ آپ اللہ کے حقیقی فرزند نہ ہوتے بلکہ ناجائز اولاد۔ 9دیکھیں، جب ہمارے انسانی باپ نے ہماری تربیت کی تو ہم نے اُس کی عزت کی۔ اگر ایسا ہے تو کتنا زیادہ ضروری ہے کہ ہم اپنے روحانی باپ کے تابع ہو کر زندگی پائیں۔ 10ہمارے انسانی باپوں نے ہمیں اپنی سمجھ کے مطابق تھوڑی دیر کے لئے تربیت دی۔ لیکن اللہ ہماری ایسی تربیت کرتا ہے جو فائدے کا باعث ہے اور جس سے ہم اُس کی قدوسیت میں شریک ہونے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ 11جب ہماری تربیت کی جاتی ہے تو اُس وقت ہم خوشی محسوس نہیں کرتے بلکہ غم۔ لیکن جن کی تربیت اِس طرح ہوتی ہے وہ بعد میں راست بازی اور سلامتی کی فصل کاٹتے ہیں۔( عبرانیوں 12:7-11 )
6اُس وقت آپ خوشی منائیں گے، گو فی الحال آپ کو تھوڑی دیر کے لئے طرح طرح کی آزمائشوں کا سامنا کر کے غم کھانا پڑتا ہے 7تاکہ آپ کا ایمان اصلی ثابت ہو جائے۔ کیونکہ جس طرح آگ سونے کو آزما کر خالص بنا دیتی ہے اُسی طرح آپ کا ایمان بھی آزمایا جا رہا ہے، حالانکہ یہ فانی سونے سے کہیں زیادہ قیمتی ہے۔ کیونکہ اللہ چاہتا ہے کہ آپ کو اُس دن تعریف، جلال اور عزت مل جائے جب عیسیٰ مسیح ظاہر ہو گا۔( ۱-پطرس 1:6-7 )
ہم دیکھتے ہیں کہ بدکار پُرسکون زندگی گزارتے ہیں، انصاف سے بچ نکلتے ہیں اور بہت سی لذتوں سے لطف اُٹھاتے ہیں۔ اُن میں سے کچھ نے ہماری زندگیاں برباد کیں اور اپنی ضرورتیں پوری کرنے کے لیے دوسروں کو استعمال کر کے خوش ہوتے ہیں۔ ہمیں اُن پر کوئی سزا نافذ ہوتی دکھائی نہیں دیتی۔ پھر بھی ہمیں یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ وہ اللہ کی عدالت سے بچ نکلیں گے۔
4مرتے وقت اُن کو کوئی تکلیف نہیں ہوتی، اور اُن کے جسم موٹے تازے رہتے ہیں۔5عام لوگوں کے مسائل سے اُن کا واسطہ نہیں پڑتا۔ جس درد و کرب میں دوسرے مبتلا رہتے ہیں اُس سے وہ آزاد ہوتے ہیں۔6اِس لئے اُن کے گلے میں تکبر کا ہار ہے، وہ ظلم کا لباس پہنے پھرتے ہیں۔7چربی کے باعث اُن کی آنکھیں اُبھر آئی ہیں۔ اُن کے دل بےلگام وہموں کی گرفت میں رہتے ہیں۔8وہ مذاق اُڑا کر بُری باتیں کرتے ہیں، اپنے غرور میں ظلم کی دھمکیاں دیتے ہیں۔9وہ سمجھتے ہیں کہ جو کچھ ہمارے منہ سے نکلتا ہے وہ آسمان سے ہے، جو بات ہماری زبان پر آ جاتی ہے وہ پوری زمین کے لئے اہمیت رکھتی ہے۔10چنانچہ عوام اُن کی طرف رجوع ہوتے ہیں، کیونکہ اُن کے ہاں کثرت کا پانی پیا جاتا ہے۔11وہ کہتے ہیں، ”اللہ کو کیا پتا ہے؟ اللہ تعالیٰ کو علم ہی نہیں۔“( زبور 73:4-11 )
18یقیناً تُو اُنہیں پھسلنی جگہ پر رکھے گا، اُنہیں فریب میں پھنسا کر زمین پر پٹخ دے گا۔19اچانک ہی وہ تباہ ہو جائیں گے، دہشت ناک مصیبت میں پھنس کر مکمل طور پر فنا ہو جائیں گے۔20اے رب، جس طرح خواب جاگ اُٹھتے وقت غیرحقیقی ثابت ہوتا ہے اُسی طرح تُو اُٹھتے وقت اُنہیں وہم قرار دے کر حقیر جانے گا۔( زبور 73:18-20 )
6نادان یہ نہیں جانتا، احمق کو اِس کی سمجھ نہیں آتی۔7گو بےدین گھاس کی طرح پھوٹ نکلتے اور بدکار سب پھلتے پھولتے ہیں، لیکن آخرکار وہ ہمیشہ کے لئے ہلاک ہو جائیں گے۔( زبور 92:6-7 )
19بدکاروں کو دیکھ کر مشتعل نہ ہو جا، بےدینوں کے باعث کُڑھتا نہ رہ۔ 20کیونکہ شریروں کا کوئی مستقبل نہیں، بےدینوں کا چراغ بجھ جائے گا۔( امثال 24:19-20 )
یاد رکھیں کہ اللہ ہمیشہ منصف اور عادل ہے۔ ہم ہمیشہ اُس کی راہوں کو نہیں سمجھتے، اور کبھی کبھی دوسروں کا فیصلہ کرنے میں جلدی کرتے ہیں۔ اِس کے بجائے آئیں، انصاف اللہ پر چھوڑ دیں، اور اپنی پوری کوشش کریں کہ اپنے اِردگرد ہر ایک کے ساتھ احترام اور محبتسے پیش آئیں۔
18رب اُن سب کے قریب ہے جو اُسے پکارتے ہیں، جو دیانت داری سے اُسے پکارتے ہیں۔19جو اُس کا خوف مانیں اُن کی آرزو وہ پوری کرتا ہے۔ وہ اُن کی فریادیں سن کر اُن کی مدد کرتا ہے۔( زبور 145:18-19 )
8رب خود تیرے آگے آگے چلتے ہوئے تیرے ساتھ ہو گا۔ وہ تجھے کبھی نہیں چھوڑے گا، تجھے کبھی نہیں ترک کرے گا۔ خوف نہ کھانا، نہ گھبرانا۔“( اِستِثنا 31:8 )